بھارت:ایک ارب افراد اشیائے ضروریہ خریدنے کیلئے اضافی پیسوں سے محروم
نئی دلی:
ایک رپورٹ میں انکشاف کیاگیاہے کہ بھارت میں ایک ارب لوگوں کے پاس اشیائے ضروریہ خریدنے کے لیے اضافی پیسے نہیں ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی فرم بلوم وینچرز کی ایک رپورٹ میں انکشاف کیاگیا ہے کہ بھارت میں ایک ارب لوگوں کے پاس اشیائے ضروریہ خریدنے کے لیے اضافی پیسے نہیں ہیں۔بھارت میں 12 سال سے برسر اقتدار مودی سرکاری دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہونے کی دعویدارہے اور دنیا بھر میں اپنی تیز رفتار ترقی کا ڈھنڈورا پیٹتے ہوئے شائننگ انڈیا کا نعرہ لگاتی ہے، لیکن اس نعرے کی حقیقت بلوم وینچرز کی رپورٹ میں بے نقاب ہو گئی ہے ۔بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بھارت کی 1.4 ارب کی آبادی میں سے1ارب لوگوں کے پاس انتہائی بنیادی ضروریات کے علاوہ دوسری اشیا خریدنے کے پیسے نہیں ہیں۔حالیہ برسوں میں معاشی ترقی غیر مساویانہ اور غیرمتوازن رہی ہے۔ بھارت کی آبادی ڈیڑھ ارب کے قریب ہونے کے باوجود اس کی مارکیٹ تقریبا میکسیکو کے برابر ہے۔رپورٹ کے مطابق بھارت میں امیر اور معاشی طور پر خوش حال لوگوں کی تعداد میں اضافہ نہیں ہوا بلکہ پہلے سے موجود امیر لوگوں کی دولت میں اضافہ ہوا ہے۔رپورٹ کے مطابق اس غیر متوازن ترقی کی وجہ سے متوسط اور نچلے طبقے کو مصنوعات اور خدمات فراہم کرنے والی کاروباری کمپنیوں کو بھی مندی کا سامنا رہا ہے۔