اسلام آباد:کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر کا تعزیتی اجلاس
سینئر رہنما شیخ غلام حسن کوشاندار خراج عقیدت
اسلام آباد:
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے زیر اہتمام اسلام آباد میں ایک تعزیتی اجلاس میں سینئر رہنماء اورتحریک آزادی کشمیر کے رکن شیخ غلام حسن المعروف کرانتی کوشاندار خراج عقیدت پیش کیاگیا جن کا گزشتہ دنوں مقبوضہ کشمیر میں سوپور کے علاقے وتر گام میں انتقال ہو گیاتھا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت کنوینر غلام محمد صفی کی قیادت میں تعزیتی اجلاس میں حریت کانفرنس کے رہنمائوںاور دیگر افراد نے شرکت کی اور شیخ غلام حسن کی تحریک آزادی کشمیر کے لیے گرانقدر خدمات اور قربانیوں پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔غلام محمد صفی نے اپنے خطاب میں شیخ غلام حسن کو ایک بے لوث اور مخلص رہنما قرار دیا۔انہوں نے کہاکہ شیخ غلام حسن نے اپنی پوری زندگی کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کے لیے وقف کر رکھی تھی۔ ان کی انتھک محنت، استقامت اور غیر متزلزل عزم آزادی پسند کشمیریوں کے لیے ایک روشن مثال ہے۔انہوں نے کٹھن حالات میں بھی تحریک آزادی کو آگے بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کیا ۔انہوں ان کے اصولی موقف کی وجہ سے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔اجلاس کے شرکاء نے کہاکہ شیخ غلام حسن ایک باکردار اور بااصول رہنما تھے جنہوں نے ذاتی مفادات کو ہمیشہ تحریک آزادی کے عظیم مقصد پر قربان کیا۔ ان کی وفات سے تحریک آزادی کشمیر ایک مخلص رہنما سے محروم ہو گئی ہے ۔انہوں نے مرحوم رہنماء کی قربانیوں کو کشمیری نوجوانوں کیلئے مشعل راہ قرار دیا۔اجلاس کے اختتام پر مرحوم شیخ غلام حسناور دیگر تمام شہدائے کشمیر کے ایصال ثواب اور بلند درجات کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ حریت رہنمائوں نے شہدا کے مشن کو ہر صورت میں اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا ۔ اجلاس میں حریت رہنمائوں ایڈوکیٹ پرویز احمد ،محمود احمد ساغر،میر طاہر مسعود ،محمد الطاف بٹ،حاجی محمد سلطان ، شیخ عبدالمتین ،شیخ یعقوب ، خادم حسین ،زاہد صفی،زاہد اشرف، میاں مظفر ، چوہدری شاہین ،محمد شفیع ڈار ، سید گلشن ،محمد اشرف ڈار ،عدیل مشتاق ،نذیر کرنائی اوردیگر نے شرکت کی ۔