علاقائی امن کے لیے تنازعہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے: رضوا ن سعید شیخ
وا شنگٹن:امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ جموں و کشمیر کے پرامن حل کے لئے پاکستان کے دیرینہ موقف کا اعادہ کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق انہوں نے لاس اینجلس میں پاکستانی قونصلیٹ کے زیر اہتمام پاکستانی کمیونٹی کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علاقائی خوشحالی کا انحصار بنیادی تنازعات کو بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے حل کرنے پر ہے۔رضوان سعید شیخ نے جنوبی ایشیا میں حالیہ جنگ بندی کی سہولت کاری میں امریکہ کے تعمیری کردار کو سراہا اور وقار کے ساتھ امن اور علاقائی بقائے باہمی کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے پاکستان اور ریاست کیلیفورنیا کے درمیان اقتصادی تعاون خاص طور پر ٹیکنالوجی، ماحول دوست توانائی، اعلیٰ تعلیم اور جدت کے شعبوں میں وسیع امکانات کو بھی اجاگرکیا۔ انہوں نے دونوں معیشتوں سے استفادہ کرنے کے لیے ادارہ جاتی اور کاروباری روابط کو مزید فروغ دینے پر زوردیا۔