فیلڈ مارشل کے اعزاز میں صدر ٹرمپ کے استقبالیہ سے پاکستان کے عزت و قار میں اضافہ ہو ا ہے، مشعال ملک

اسلا م آباد:غیر قانونی طورپر نظربند کشمیری حریت رہنماء محمد یاسین ملک کی اہلیہ اور پیس اینڈ کلچر پارٹی کی چیئرپرسن مشعال ملک نے کہاہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کے اعزاز میں امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کے استقبالیہ سے عالمی سطح پر پاکستان کے عزت و وقار میں اضافہ ہوا ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مشعال ملک نے ایک بیان میں کہاکہ فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر کو کشمیری اور پاکستانی قوم کی جانب سے مبارکبادپیش کی ہے ۔انہوں نے کہاکہ دنیا نے اعتراف کیا ہے کہ پاکستان امن اور وقار کی علامت ہے اورمودی کا جھوٹ اور بھارت کی حقیقت عالمی برادری کے سامنے بے نقاب ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اصولوں پر قائم ہے، کسی کے سامنے نہیں جھکتا، سیدعاصم منیر عالمی قیادت کے طور پر ابھر رہے ہیں،دشمن کی نیندیں حرام ہوگئی ہیں اور بھارتی میڈیا کی چیخیں نکل گئی ہیں۔مشعال ملک نے کہا کہ پاکستان مظلوموں کا ساتھ دیتا ، ظالموں کو بے نقاب کرتا ہے،یہ فتح صرف میدان کی نہیں بلکہ سچ کی بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل کی قیادت دنیا میں امن کی راہ ہموار کر رہی ہے،پاکستان کی آواز اقوامِ عالم کے ایوانوں میں گونج رہی ہے۔








