World

قاہرہ میں پاکستانی سفارتخانے میں یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے سیمینار کاانعقاد

قاہرہ: مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں پاکستانی سفارتخانے میں یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے ایک سیمینار کاانعقاد کیا گیا جس میں مصر کی سول سوسائٹی، میڈیا اور ماہرین کی نمائندہ ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سیمینار میں یوم استحصال کشمیرکے حوالے سے صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔مقررین نے بے گناہ کشمیریوں پر قابض بھارتی افواج کے ریاستی جبر اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کی اور کشمیری سیاسی قیادت اور انسانی حقوق کے کارکنوں کے ساتھ بدسلوکی اور سزائوں پر سوالات اٹھائے۔ انہوں نے بھارتی حکومت کی کشمیر دشمن اور مسلم دشمن پالیسیوں، 5 اگست 2019 کو خطے کی خود مختار حیثیت کو یکطرفہ اور غیر قانونی طور پر تبدیل کر کے علاقے کی آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوششوں پر شدید تحفظات کا اظہار کیا اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ تنازعہ جموں کشمیر کواقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق منصفانہ اور پرامن طریقے سے حل کرانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔مقررین نے آپریشن بنیانِ مرصوص کے دوران پاکستان کے خلاف بلا اشتعال بھارتی جارحیت کا منہ توڑ ، موزوں اور شاندار جواب دینے پر پاکستان کی سویلین اور عسکری قیادت کی تعریف کی۔ مقررین نے بین الاقوامی برادری کی بروقت مداخلت بالخصوص امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے جوہری ہتھیاروں سے لیس پڑوسیوں کے درمیان جنگ کے دوران بڑے پیمانے پر تباہی سے بچنے میں مرکزی کردار کی تعریف کی ۔ مصر میں پاکستان کے سفیر عامر شوکت نے اپنے خطاب میں جنوبی ایشیا میں بڑے پیمانے پر تباہی کے ڈرائونے خواب سے بچنے کے لیے تنازعہ کشمیر کے فوری حل کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر اور فلسطین کے مسائل کئی دہائیوں سے حل طلب ہیں جس کی وجہ یہ ہے کہ بھارت اور اسرائیل نہیں چاہتے کہ کشمیر اور فلسطین کے بہادر عوام امن کی منزل سے ہمکنار ہوں ۔انہوں نے کہا کہ آج کی تقریب میں مصری بھائیوں کی نمایاں اور بڑے پیمانے پر شرکت کشمیر اور فلسطین کے مظلوم عوام کے لئے ایک طاقتور پیغام ہے کہ ہم اخلاقی، سیاسی اور سفارتی طور پر ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا اور مشرق وسطی میں امن کا قیام اس وقت تک نا ممکن ہے جب تک کشمیر اور فلسطین کے مسائل اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے تحت اور کشمیریوں اور فلسطینیوں کی خواہشات اور امنگوں کے مطابق حل نہیں ہو جاتے۔تقریب میں دانشوروں، صحافیوں، طلباء اور پاکستانی کمیونٹی کے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ سیمینار میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کو اجاگر کرنے کے لئے ایک خصوصی دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button