صدرٹرمپ کی ایک بار پھر پاک بھارت کشیدگی کے دوران بھارتی لڑاکا طیارے مار گرائے جانے کی تصدیق
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاک بھارت کشیدگی کے دوران بھارتی لڑاکا طیارے مار گرائے جانے کی تصدیق کر دی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے آذربائیجان آرمینیا امن معاہدے کی تقریب کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاک بھارت تنازعے کے دوران پانچ یا چھ لڑاکا طیارے مار گرائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تنازعہ سنگین تھا اور پاکستان اور بھارت دونوں ممکنہ ایٹمی جنگ کے دہانے پرتھے۔انہوں نے کہاکہ میں جنگیں نہیں چاہتا، میں امن اور تجارت چاہتا ہوں، میں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان بھی جنگ رکوا دی ۔انہوں نے کہا کہ روس کے ساتھ معاہدہ اپنے آخری مرحلے میں ہے اور وہ جلد ہی صدر پیوٹن اور صدر زیلنسکی سے ملاقات کریں گے کیونکہ روس اور یوکرین دونوں اب امن چاہتے ہیں۔پاک بھارت جنگ بندی کا ذکر کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ دونوں ملک ایک بڑی جنگ کی طرف بڑھ رہے تھے، انہوں نے انہیں مشورہ دیا کہ تنازعات کے بجائے تجارت کا انتخاب کریں۔ انہوں نے دانشمندی کا مظاہرہ کرنے پر پاکستان اور بھارت کے رہنمائوں کی تعریف کی۔






