یوسف تاریگامی کا بھارتی جیلوں سے کشمیری قیدیوں کی واپسی کا مطالبہ
سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں سی پی آئی(ایم)کے رکن اسمبلی محمد یوسف تاریگامی نے بھارتی جیلوں میں بند کشمیری قیدیوں کو وادی کشمیر کی جیلوں میں منتقل کرنے کامطالبہ کیاہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یوسف تاریگامی نے سرینگر میں قانون ساز اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گھر وںسے دور مسلسل نظربندی سے ان کے اہلخانہ کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر میں جیلوں کی کوئی کمی نہیں ہے اور اگر ضرورت ہو تو مقامی طور پر نظربندوں کو رکھنے کے لیے مزید جیلیں تعمیر کی جانی چاہئیں۔ یوسف تاریگامی نے کہا کہ انہیں غیر قانونی طور پر نظر بند سینئر حریت رہنما شبیراحمد شاہ کے اہلخانہ کی طرف سے ایک کال موصول ہوئی جس میں ان کی بگڑتی ہوئی صحت پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا ۔ انہوں نے کہاکہ مجھے شبیر شاہ کے اہل خانہ کی طرف سے فون آیا جو انتہائی پریشان ہیں اور انہوں نے کہا کہ بھارت کی تہاڑ جیل میں ان کی حالت تشویشناک ہے۔تاریگامی نے کہاکہ بدنام زمانہ آمریتوںمیں بھی اہلخانہ کو قیدیوں سے ملنے کی اجازت ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری قیدیوں کو کشمیر سے باہرکی جیلوں میں رکھنا اہلخانہ کے بنیادی حق کی خلاف ورزی ہے۔انہوں نے قابض حکومت سے اپیل کی کہ وہ اس پالیسی پر نظرثانی کرے اور اس بات کو یقینی بنائے کہ جموں و کشمیر کے قیدیوں کو علاقے میں ہی رکھا جائے تاکہ وہ اپنے اہلخانہ سے ملاقات کر سکیں۔






