بھارت گہرے سمندرمیں ایک اورفالس فلیگ آپریشن کی تیاری کررہاہے، ڈی جی آئی ایس پی آر
راولپنڈی: فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے خبردار کیا کہ بھارت سمندر میں فالس فلیگ آپریشن کی تیاری کر رہا ہے لیکن دشمن جان لے اس بار جواب پہلے سے زیادہ شدید ہوگا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے سینئرصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا بھارت گہرے سمندر میں ایک اور فالس فلیگ آپریشن کی تیاری کر رہا ہے، تاہم بھارت جان لے کہ اس بار پاکستان کا جواب پہلے سے زیادہ شدید اورموثر ہوگا۔ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ بھارت زمین، سمندر اور فضا میں جو بھی کرنا چاہتا ہے، کر کے دیکھ لے، پاکستان اپنی سرحدوں اور عوام کے دفاع کے لیے پوری طرح تیار ہے۔لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ پاکستان پالیسی سازی میں مکمل خودمختار ہے اور کسی بیرونی دبائو کو قبول نہیں کرتا، فوج سیاست میں ملوث نہیں ہونا چاہتی، لہذا اسے سیاست سے دور رکھا جائے۔انہوں نے کہا کہ پاک افغان حالیہ کشیدگی پر پاکستان کا ردعمل بروقت اورموثر تھا، اور اس کے وہی نتائج حاصل ہوئے جو ہم چاہتے تھے، دوحہ اور استنبول میں ہونے والے مذاکرات کا ایجنڈا صرف ایک نکتہ تھا، سرحد پار دہشت گردی کا خاتمہ۔ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق افغانستان کی عبوری حکومت کو اپنے عوام اور سیاسی جماعتوں کی حمایت حاصل نہیں۔







