بہار کے انتخابی نتائج بڑے پیمانے پر ووٹ چوری کی نشاندہی کرتے ہیں، راہول
ووٹ چوری کی منصوبہ بندی مودی، امیت شاہ اور الیکشن کمیشن نے کی، کھرگے، جئے رام

نئی دلی: کانگریس کے سینئر رہنما اور بھارتی پارلیمنٹ میں قائد حز ب اختلاف راہول گاندھی نے کہاکہ ریاست بہار میں انتخابی نتائج بڑے پیمانے پر ووٹ چور ی کی عکاسی کرتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ ہم ایسی انتخابی جیت ہرگز قبول نہیں کرسکتے جو ابتدا سے ہی غیر منصفانہ ہو۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق راہول گاندھی نے کہا کہ کانگریس اور انڈیا بلاک انتخابی نتائج کا تفصیلی جائزہ لے گا اور جمہوریت کو بچانے کیلئے موثر اقدامات کیے جائیں گے۔انہوںنے کہا کہ انتخابی نتائج انتہائی حیران کن ہیں ، ہماری لڑائی دستور اور جمہوریت کے تحفظ کی ہے ۔
دریں اثنا کانگریس کے صدر ملکار جن کھرگے نے کہا کہ ان کی جماعت ان طاقتوں کے خلاف لڑائی لڑتی رہے گی جو جمہوریت کو کمزور کرنے میں مصروف ہیں اور آئینی اداروںکا غلط استعمال کر رہی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ ہم انتخابی نتائج کا تفصیلی جائزہ لیکر ایک جامع رپورٹ پیش کریں گے۔ انہوںنے کہا کہ ہم بہار کے ان ووٹرز کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ”مہا گٹھ بندھن “کا ساتھ دیا۔
کانگریس کے جنرل سیکرٹر ی(کمیونکیشن) جئے رام رمیش نے کہا کہ بہار کے انتخابی نتائج بغیر کسی شک کے ووٹ چور ی کی عکاسی کرتے ہیں جس کی منصوبہ بند وزیر اعظم مودی، وزیر داخلہ امیت شاہ اور الیکشن کمیشن نے کی۔ انہوںنے مزید کہا کہ کانگریس آئین کے تحفظ اور جمہوریت کو بچانے کی اپنی مہم جاری رکھے گی۔






