مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں ، رانا محمد قاسم نون
اسلام آباد:
چیئرمین کشمیر کمیٹی رانا محمد قاسم نون نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی غیر متزلزل تحریک کو خراج تحسین پیش کیا ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق رانا قاسم نون نے ایک پیغام میں کہاکہ پاکستان کی پارلیمان اور عوام آزادی کی تحریک میں کشمیری عوام کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑی ہے،مسئلہ کشمیر برصغیر کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہے،مسئلہ کشمیر کو حل کیے بغیر خطے میں پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام نے آزادی کے حصول کیلئے گزشتہ 78 برس میں لازوال قربانیاں دی ہیںاورمسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں ۔رانا محمد قاسم نون نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی جدو جہد آزادی کی مکمل حمایت کرتا ہے، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا فوری حل ناگزیر ہے۔انہوں نے 5 اگست 2019 کے بھارتی اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے اس دن کشمیری عوام کے بنیادی حقوق پر شب خون مارا، بھارتی اقدامات جمہوری اقدار اور اصولوں کے منافی ہیں۔چیئرمین کشمیر کمیٹی نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ اپنی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائیں گی۔ محمد قاسم نون نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر میں آزادی کا سورج طلوع ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان، حکومت اور عوام کشمیری عوام کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔








