بھارت میں کچھ لوگ نازی ازم سے مشابہ نظریے کو فروغ دینا چاہیے ہیں، فاروق عبداللہ
سری نگر:
بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں نیشنل کانفرنس کے صدرفاروق عبداللہ نے بھارتی ریاستوں میں کشمیری طلباءاور تاجروں پر بڑھتے ہوئے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ بدقسمتی ہے کہہ کچھ لوگ ہٹلر کے نظریے کو آگے بڑھا رہے ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فاروق عبداللہ نے سرینگر میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بعض عناصر خطرناک مقاصد رکھتے ہیں اور نازی ازم سے مشابہ نظریہ کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا سے نازی ازم پہلے ہی ختم ہو چکا ہے اور امید ظاہر کی کہ ایسی انتہا پسند سوچ بھارت سے بھی ختم ہو جائے گی۔
انہوں نے کشمیری تاجروں، خاص طور پر شال فروخت کرنے والوں کو بار بار نشانہ بنانے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا یہ حملے خوف اور نفرت پھیلانے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری امن، بقائے باہمی اور باہمی احترام پر یقین رکھتے ہیں۔ اس طرح کی کارروائیاں سماجی اور معاشی تانے بانے کو نقصان پہنچاتی ہیں۔
انہوںنے کہا کہ لوگوں کو ہم آہنگی اور بھائی چارے کو اپنانا چاہیے۔






