سرینگر: ڈی ایف پی کا بھارتی جیلوں میں قید کشمیری رہنماوں کی حالت پر تشویش کا اظہار

سرینگر: جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی (ڈی ایف پی) نے بھارتی جیلوں میں قید کشمیری قیدیوں کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق، سرینگر میں جاری کردہ بیان میں ڈی ایف پی کے ترجمان ایڈووکیٹ ارشاد اقبال نے بھارتی حکام کی سیاسی اختلاف رائے کو جرم قرار دینے اور کشمیری کارکنوں کی قید کی پالیسی کو اجاگر کیا۔ انہوں نے معروف رہنماوں شبیر احمد شاہ، محمد یاسین ملک، مسرّت عالم بٹ اور آسیہ اندرابی کی مثال دی، جو کئی سالوں سے فرضی الزامات میں قید ہیں اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت کرنے پر گرفتار کیے گئے۔
ایڈووکیٹ ارشاد اقبال نے اقوام متحدہ، اسلامی تعاون تنظیم، یورپی یونین اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے بھارتی جیلوں میں قیدیوں کی حالت زار پر فوری توجہ دینے کا مطالبہ کیا کیونکہ قیدیوں کو بنیادی سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے اور انہیں ضمانت کی درخواستیں بھی مسترد کر کے طویل عرصے تک حراست میں رکھا گیا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ کشمیری رہنماوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے کے سنگین نتائج برآمد ہو سکتے ہیں، خاص طور پر یاسین ملک کے خلاف موت کی سزا کی درخواست دائر ہونے کے پیشِ نظر۔انہوں نے بین الاقوامی اداروں کو کشمیری رہنماو¿ں کی زندگیاں بچانے اور ان کی فوری رہائی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کرنے کی اپیل کی ۔






