مقبوضہ کشمیر میں مساجد، مدارس کی پروفائلنگ آئین کی خلاف ورزی ہے، آغا روح اللہ

سرینگر:بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں نیشنل کانفرنس کے سینئر رہنما اور سرینگر سے بھارتی پارلیمنٹ کے رکن آغا سید روح اللہ نے کہا ہے کہ علاقے میں پولیس کی طرف سے مساجد ، مدارس اور آئمہ کی پروفائلنگ آئین میں موجود مذہبی آزادی کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق آغا روح اللہ نے سرینگر میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ وادی کشمیر میں پہلے ہی خفیہ بھارتی ایجنسیوں ،پیرا ملٹر ی فورسز کی مختلف سطحوں پر نگرانی موجود ہے جبکہ مزید دباﺅ اور نگرانی لوگوں کے مذہبی معاملات میں براہ راست مداخلت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کے پاس پہلے ہی بنیادی معلومات موجود ہیں ، نئی مشق ایک خاص طبقے کو خوفزہ کرنے کی کوشش لگتی ہے ۔ آغا روح اللہ نے کہا کہ اس اقدام کے پیچھے بھارتیہ جنتا پارٹی( بی جے پی) اور راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کا دخل نظر آرہا ہے اور ایسا لگ رہا ہے کہ آئمہ کو بھی بی جے پی اور آر ایس ایس کے منظور شدہ خطبات دینے کیلئے مجبور کیا جا ئے گا۔







