مقبوضہ جموں وکشمیر:معراج العالم کے سلسلے میں روح پرور اجتماعات کا انعقاد

سرینگر :بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں شب معراج النبیﷺ کے سلسلے میں شب خوانی کی تقاریب کا اہتمام کیا گیا ۔ سب سے بڑی تقریب آثار شریف حضرت بل سرینگر میں منعقد ہوئی جہاں فرزندان توحید نے بابرکت مجلس میں اللہ تعالیٰ کے حضورسربسجود ہو کر دنیا و آخرت کی بھلائی کیلئے خصوصی دعائیں کیںاور واقعے معراج النبی ﷺ پر روشنی ڈالی۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق درگاہ حضرت بل کیساتھ ساتھ شہر سرینگر اور مقبوضہ وادی بھر کی مساجدو خانقاہوں میں عظیم الشان ، روح پرور اور بابرکت مجالس کا انعقاد کیا گیا۔علمائے کرام نے فلسفہ معراج العالم پر روشنی ڈالی۔وادی کشمیر اور جموں خطے کی تمام مساجد ، خانقاہوں ، زیارت گاہوں ، دینی مدارس اور درسگاہوں میں بھی روح پرور اجتماعات کا اہتمام کیا گیا جہاں علمائے دین، اسلامی مفکرین ، واعظ ، خطباء، مبلغین اور آئمہ مساجد نے نبی برحق حضور پر نور حضرت محمد مصطفی ﷺ کی اللہ تبارک وتعالیٰ کیساتھ ملاقات پر روشنی ڈالی۔
گھروں میں بھی عبادات ، نوافل ، روحانی محافل اورخصوصی دعاﺅں کا اہتمام کیا گیا۔ ماہ رجب المرجب کی 27 ویں شب کو اللہ تعالیٰ نے اپنے محبوب حضرت محمد ﷺ کی معراج کا شرف عطا کیا اور اس بابرکت رات میں اپنے پاس بلایا اور آپ ﷺ سے ہم کلام ہوئے ۔ دنیا بھر کے فرزندان توحید اور عاشقان رسولﷺ شب معراج کو خصوصی عبادات کا اہتمام کرتے ہیں اور اللہ تعالیٰ کے حضور سربسجودہو کر اپنے گناہوں کی معافی طلب کرتے ہیں







