سونم وانگچگ سے ملاقات کی درخواست پر بھارتی حکام کی خاموشی افسوسناک ہے، سجاد کرگلی

کرگل: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر کے خطے لداخ میں ”کرگل ڈیموکریٹک الائنس“(کے ڈی اے) کے سینئر رہنما سجاد کرگلی نے بھارتی ریاست راجستھان کی جودھ پور جیل میں بند خطے کے معروف ماحولیاتی کارکن سونم وانگچنگ سے ملاقات کی درخواست پر بھارتی حکام کی مکمل خاموشی پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سجاد کرگلی نے سماجی رابطوں کی سائٹ ”ایکس“پر لکھا لہہ ایپکس باڈی اور کرگل ڈیموکریٹک الائنس کے رہنماﺅں اور لداخ سے بھارتی پارلیمنٹ کے رکن محمد حنیفہ وانچنگ سے ملاقات کیلئے مسلسل درخواست کرتے رہے ہیں لیکن بھارتی حکام کوئی توجہ نہیں دے رہے۔انہوںنے کہا کہ بھارتی حکام ایسا دانستہ طور پر کر رہے ہیں اور یہ سب ناقابل قبول ہے۔وانچنگ تقریباً گزشتہ چار ماہ سے جودھ پور جیل میں نظر بند ہیں۔ بھارتی حکام نے انہیں لداخ خطے کیلئے چھٹے شیڈول کے نفاذ ، ریاستی درجے کی فراہمی اور دیگر مطالبات کی پاداش میں قید کر رکھا ہے۔ گزشتہ برس ستمبر میں لداخ خطے کے ضلع لیہہ میں پرامن مظاہرین پربھارتی فورسز کی اندھا دھند فائرنگ سے چار افراد کی جانیں ضائع ہو گی تھیں جبکہ سو کے قریب زخمی ہوگئے تھے۔ واقعے کے دو روز بعد وانچنگ کو گرفتار کیا گیا تھا ۔ بھارتی حکام نے ان پر لوگوں کو اشتعال دلانے اور سڑکوں پر لانے کا الزام عائد کیا تھا۔







