حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کا غلام محمد میر اور بشیر احمد بٹ کو یوم شہادت پر خراج عقیدت

اسلام آبا:کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں کشمیر شاخ نے شہید کشمیری نوجوانوں غلا م محمد میر اور بشیر احمد بٹ کو انکے یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت پیش کیاہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی فوجیوں نے 1995میں آج کے دن دونوں کشمیری نوجوانوں کومقبوضہ جموں وکشمیر کے قصبے سوپور میں دوران حراست شہید کیاتھا۔
حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ نے دونوں شہداءکو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے کنوینر غلام محمد صفی کی زیر صدارت ایک دعائیہ مجلس کا انعقاد کیا۔ مقررین نے غلا م محمد میر اور بشیر احمد بٹ کوشاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ دونوں نوجوانوں نے بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے دیگر ہزاروں شہدا کی طرح اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ بیان میں شہداءکی قربانیوں کو ہرگز فراموش نہ کرنے اورانکے کے مشن کو ہر قیمت پراسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیاگیا۔مجلس کے اختتام پر شہدائے کشمیر کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔





