بارہمولہ، پینے کے پانی کی قلت کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

سری نگر:غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کے شمالی ضلع بارہ مولہ کے گاؤں تیلگام پائین کے رہائشیوں نے پینے کے پانی کی شدید قلت کے خلاف سڑکوں پر احتجاج کیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مظاہرین نے کہا کہ حکام نے گاؤں کے پچھلے حصے میں پینے کے پانی کے پائپ لائنیں نصب نہیں کیں جس کی وجہ سے گاؤں کی ایک بڑی آبادی کو صاف پانی تک رسائی حاصل نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ متعلقہ محکموں کو بار بار اپیلیں اور درخواستیں دینے کے باوجود کوئی خاطر خواہ اقدام نہیں کیا گیا، جس کے باعث انہیں سڑکوں پر احتجاج کرنے پر مجبور ہونا پڑا۔
مقامی رہائشیوں نے کہا کہ خراب موسم کی وجہ سے صورتحال مزید پیچیدہ ہو گئی ہے جس سے خواتین، بزرگ اور بچے شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ انہوں نے پینے کے پانی سے مسلسل محرومی کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے حکام سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا۔







