مہاراشٹر: فیکٹری میں دھماکہ ،17افراد ہلاک ،18زخمی
ناگپور:بھارتی ریاست مہاراشٹر کے ضلع ناگپورمیں آج بارودی مواد بنانے والی فیکٹری میں دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 17 افراد ہلاک اور 18 دیگر زخمی ہوگئے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پولیس نے بتایا کہ دھماکا تحصیل کٹول کے راولگاں میں ایس بی ایل انرجی لمیٹڈ فیکٹری میں ہوا، جو کان کنی اور دھماکہ خیز مواد تیار کرنے والی صنعتی کمپنی ہے۔نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (این ڈی آر ایف)کی ایک ٹیم امدادی کارروائیوں کے لیے جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ایس بی ایل انرجی لمیٹڈ کے نمائندوں نے صحافیوںکو بتایا کہ یہ واقعہ کمپنی کے ڈیٹونیٹر پیکنگ یونٹ میں صبح سوا سات بجے کے درمیان پیش آیا۔پولیس نے بتایا کہ دھماکے کے فورا بعد زخمیوں کو ناگپور کے ایک ہسپتال میں منتقل کیا گیا۔یہ واقعہ آندھرا پردیش کے کاکیناڈا ضلع میں ایک کریکر یونٹ میں ہونے والے دھماکے کے ایک دن بعد پیش آیا ہے جس میں 21 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔








