مقبوضہ کشمیر: میر واعظ گھر میں نظر بند
جامع مسجد سرینگر میں نمازجمعہ اداکرنے کی اجازت نہیں دی گئی

سرینگر:غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی قابض انتظامیہ نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق کو جامع مسجد سرینگر میں نماز جمعہ ادا کرنے کی اجازت نہیں دی اور انہیں گھر میں نظر بند کر دیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق قابض انتظامیہ نے میرواعظ عمرفاروق کوگھر میں نظربندکرکے انہیں جامع مسجد میں جمعتہ الوداع کے موقع پر خطبہ دینے سے روک دیا۔میر واعظ عمر فاروق نے سرینگر میں ایک بیان میں قابض انتظامیہ کے اس اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں رمضان المبارک میں مسلسل تیسرے جمعہ کو گھر میں نظربند رکھا گیا۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ سرینگر کے علاقے نگین ان کی رہائشگاہ کے باہر اور پورے علاقے میں پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ قابض انتظامیہ ایسے اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیریوں کے حق پر مبنی جدوجہدآزادی کو کمزور نہیں کرسکتی ۔






