معرکہ حق یاد رکھو! خواجہ آصف کا راج ناتھ سنگھ کو دوٹوک جواب
پاکستان اپنی سلامتی اور خودمختاری کے دفاع کیلئے ہر وقت تیار ہے
اسلام آباد: وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے بھارتی ہم منصب راج ناتھ سنگھ کے حالیہ بیانات پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ دو ایٹمی ریاستوں کے درمیان جنگ کی گنجائش کا وہم رکھنا ناقابل تصور ہے اور اس کے نتائج انتہائی بھیانک ہو سکتے ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سوشل میڈیا ایکس پر ایک بیان میں وزیر دفاع نے بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کو مخاطب کرتے ہوئے خبردار کیا کہ دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان کسی بھی قسم کی جنگ تباہ کن ثابت ہو سکتی ہے۔ تاریخ گواہ ہے کہ غلط اندازوں کے نتائج ہمیشہ سنگین ہوتے ہیں۔بھارتی دھمکیوں کا جواب دیتے ہوئے واضح کیا کہ کسی بھی غلط فہمی یا غلط اندازے کے نتائج ہمیشہ سنگین نکلتے ہیں۔بھارت اپنی اندرونی کمزوریوں سے توجہ ہٹانے کے لیے بیرونی محاذ کھول رہا ہے۔ پاکستان اپنی سلامتی اور خودمختاری کے دفاع کیلئے ہر وقت تیار ہے۔ بھارت کو آپریشن بنیان مرصوص (10 مئی )کونہیں بھولنا چاہیے۔اگر دوبارہ ایسی کوشش کی گئی تو ہمارا ردعمل پہلے سے کہیں زیادہ طاقتور اور فیصلہ کن ہوگا۔خواجہ آصف نے کہا کہ پہلگام فالس فلیگ آپریشن کو ایک سال مکمل ہونے سے پہلے ہی بھارت کی جانب سے اشتعال انگیزی میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بار بار کی بیان بازی طاقت نہیں بلکہ بھارت کی واضح اسٹریٹجک بے چینی کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعے پر عالمی سطح پر بھارت کا بیانیہ ناکام ہو چکا ہے۔ اس نے نئی دلی کے اس طریقہ کار کو بے نقاب کر دیا ہے جس میں وہ اپنی بقا کے لیے من گھڑت بحرانوں کا سہارا لیتا ہے۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کا حامی ہے، لیکن ملکی خودمختاری کے دفاع کے معاملے میں ہمارا عزم غیر متزلزل ہے۔ انہوں نے کہا، پاکستان کی تیاری مکمل ہے اور ہمارا جواب فوری، نپا تلا اور فیصلہ کن ہوگا۔ خواجہ آصف نے راج ناتھ سنگھ کو مشورہ دیا کہ بھارت دوسروں کو دھمکانے کے بجائے اپنی اسٹریٹجک اور سفارتی ناکامیوں اور ملک کے اندر بڑھتی ہوئی بے چینی پر توجہ دے۔




