بھارت کا پانی کو بطورہتھیار استعمال کرنا ہرگز قبول نہیں: اسحاق ڈار

نیویارک: نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بھارت کی طرف سے پانی کا بطورہتھیار استعمال ہرگز قبول نہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں عالمی امن و سلامتی برقرار رکھنے سے متعلق مباحثہ سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ اقوام متحدہ نے شہریوں کو مساوات اورحق خودارادیت کے حقوق دیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر اور اصولوں پر کاربند ہے۔ پاکستان دیرینہ تنازعات کے پرامن حل کا حامی ہے۔انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ چارٹر کے مطابق امن کا فروغ اور تنازعات کا حل ریاستوں کی ذمہ داری ہے۔نائب وزیراعظم نے مزیدکہا کہ مشرق وسطیٰ میں حالیہ کشیدگی میں پاکستان نے مذاکرات کی اہمیت پر زور دیا، کشیدہ صورتِ حال نے عالمی سطح پر معاشی چیلنجز بھی پیدا کیے۔اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان نے کشیدگی میں کمی کے لیے ہمیشہ مخلصانہ کوششیں کی ہیں، پاکستان کی امن مذاکرات کی کوششوں کی حمایت پر دوست ممالک کے شکرگزار ہیں۔انہوں نے کہاکہ 8دہائیوں سے مسئلہ کشمیر حل طلب ہے، عالمی قوانین اورمعاہدوں کی پاسداری یقینی ہونی چاہیے۔ بھارت کا پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنا ہرگز قبول نہیں۔ سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی تسلیم نہیں کرتے۔






