بھارت : ہریانہ میں مسماری مہم سے قبل موبائل انٹرنیٹ سروسز معطل

چندی گڑھ : بھارتی ریاست ہریانہ میں حکومت نے ضلع فرید آباد کے نیو انڈسٹریل ٹاون میں مسماری مہم سے قبل موبائل انٹرنیٹ سروسزمعطل کرنے کا حکم دیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق معطلی میں 2G، 3G، 4G اور 5G سمیت تمام موبائل ڈیٹا سروسز کے ساتھ ساتھ ایس ایم ایس اور ڈونگل سروسز بھی شامل ہیں۔تاہم وائس کال سروسز کو اس حکم سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔ بینکنگ ایس ایم ایس، موبائل ریچارج کی سہولیات اور براڈ بینڈ اور لیز لائن انٹرنیٹ کنکشنز کو بھی پابندی سے مستثنی ٰقراردیاگیا ہے جو کارپوریٹ ادارے اور گھریلو صارفین استعمال کرتے ہیں۔حکمنامے کے مطابق ریاستی انتظامیہ کو ہریانہ کے ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس ، کرائم انویسٹی گیشن ڈپارٹمنٹ اور فرید آباد کے ڈپٹی کمشنر نے جمعہ کو مطلع کیا کہ این آئی ٹی زون میں 30 مئی کو ہونے والی مسماری مہم عوامی تناو اور اشتعال کا باعث بن سکتی ہے۔واضح رہے بھارت بھر میں خاص طورپر بی جے پی کے زیر اقتدارریاستوں میں انسداد تجاوزات مہم کی آڑ میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کو ان کے گھروں سے محروم کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔







