پاکستان ہر طرح کی صورتحال کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہے، خواجہ آصف
وزیر دفاع کا بھارتی آرمی چیف کی گیدڑ بھبکی پر ردعمل
اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھارتی آرمی چیف کی گیدڑ بھبکی پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت اگر آپریشن سندور 2 کی تیاری کر رہا ہے تو پاکستان بھی ہر قسم کی صورتحال کا مقابلہ کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق خواجہ آصف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ بھارتی آرمی چیف کی گیدڑ بھبکی کا جواب مجھے پنجابی میں دینے کی خواہش ہورہی ہے، کیوں کہ پچھلی مرتبہ بھی بھارت کچھ حاصل نہیں کر سکا تھا۔وزیر دفاع نے کہاکہ اگر بھارت اپنا شوق پورا کرنا چاہتا ہے تو کر لے، پاکستانی افواج ہر وقت تیار ہیں۔ اللہ تعالی کی مدد سے پاکستانی مسلح افواج گزشتہ مرتبہ کی نسبت کہیں زیادہ مثر انداز میں دشمن کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔خواجہ آصف نے کہا کہ ان کے خیال میں بھارت کو پچھلی مرتبہ جو شکست کا سامنا کرنا پڑا، شاید اس سے بھی اسے تسلی نہیں ہوئی، اس لیے وہ دوبارہ ایسی باتیں کر رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ کارروائی کے بعد بھارت آج تک اپنی ناکامی کا بوجھ اٹھا رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف ایک پراکسی جنگ افغانستان کے ذریعے لڑی جا رہی ہے، تاہم اس کے نتائج اور حالات سب کے سامنے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں خواجہ آصف نے کہاکہ افغانستان کے راستے شرارتیں کی جا رہی ہیں، کابل میں موجود عناصر دراصل بھارتی پراکسی کردار ادا کر رہے ہیں۔وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان ہر قسم کے خطرات اور چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور قومی سلامتی کے دفاع میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔






