دلی جرائم کی راجدھانی بن چکی ہے، کھرگے، راہول گاندھی کا منی پورکے موسیقار کے قتل پرسخت ردعمل
نئی دلی: کانگریس صدر ملکار جن کھرگے اور پارلیمنٹ کے ایوان زیرین لوک سبھامیں قائم حزب اختلاف راہول گاندھی نے ریاست منی پور سے تعلق رکھنے والے 54 سالہ موسیقار چونگتھام وکرم سنگھ کے دلی میں ہجوم کے ذریعے پیٹ پیٹ کر قتل کیے جانے کے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مجرموںکے خلاف سخت کارروائی کامطالبہ کیاہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کھرگے نے سماجی رابطوں کی سائٹ ”ایکس ” پر لکھا” وکرم سنگھ کا بے رحمانہ قتل بی جے پی کے اقتدار میں پھیلی بدامنی ایک اور ہولناک یاد گار بن گیا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ بی جے پی دور حکومت میں طلباء غیر محفوظ ہیں، خواتین کے خلاف روز مظالم ہورہے ہیں۔ دلت ، آدیواسی اور تمام اقلتیںغیر محفوظ ہیں۔انہوںنے کہا کہ وزیر داخلہ امیت شاہ کی نگرانی میں دلی جرائم کا دارلحکومت بن گئی ہے ، نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو کے اعداد وشمار دارلحکومت میں مسلسل جرائم کی بلند سطح کو ظاہر کر رہے ہیں۔ انہوںنے وکرم سنگھ کے خاندان سے تعزیت کرتے ہوئے کہاکہ انہیںانصاف ملنا چاہیے اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے۔ کھرگے نے مزید کہا کہ مودی حکومت کی نااہلی کی وجہ سے منی پورکے لوگ ریاست کے اندر اور باہر ، دونوںجگہ پریشان ہیں۔
راہول گاندھی نے وکرم سنگ کے قتل پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے ”ایکس ” پر لکھا سنگھ نے کچھ لوگوں سے شور شرابہ بند کرنے کی درخواست کی تھی اور اتنی سی بات پر انہیں پیٹ پیٹ کر مار ڈالا گیا۔ انہوں نے کہا کہ وکرم کے قتل نے شمال مشرقی ریاستوں کے خاندانوں کو یہ سوچنے پر مجبور کر دیا ہے کہ کیا وہ قومی دارلحکومت میں محفوظ ہیں۔








