وزیر تعلیم دھرمیندرپردھان کو جانا ہی ہو گا، کھرگے
پردھان نے طلباء کیلئے انصاف مانگنے والوں کو ہی دہشت گرد قرار دیا، بانی سی جے پی

نئی دلی: کانگریس کے صدر ملکار جن کھرگے نے مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندرپردھان کو انکے ”دہشت گرد ” والے بیان پر کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ پردھان کو جانا ہی ہوگا۔ وزیر تعلیم نے احتجاجی طلباء کے لیے دہشت گرد کا لفظ استعمال کیا تھا۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ملکار جن کھرگے نے ”ایکس ” پر اپنے ایک بیان میں کہا کہ 90پیپر لیک ہوئے ہیں ، لاکھوں طلباء کا مستقبل برباد ہو گیا ہے ، نیٹ پیپر لیک کیوجہ سے 20طلباء نے خود کشی کی ہے ، خاندان تباہ ہو گئے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ مودی حکومت کا وزیر تعلیم اس سب کچھ کے باوجود اپنی کرسی سے چپکا ہوا ہے اور انٹرویوز دے رہا ہے اور ساتھ ساتھ طلباء کی گونج کو دہشت گردی قرار دے رہا ہے ۔ کھرگے نے مزید کہا کہ ملک نے اب تک یہ بات نہیں بھولی ہے کہ وزیر اعظم مودی نے خود پارلیمنٹ میں کسانوں کو فسادی قرار دیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ جو کوئی بھی حکومت سے سوال پوچھتا ہے ، اسے ملک دشمن قرار دیا جاتا ہے ۔
دریں اثنا کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) کے بانی ابھیجیت دپکے نے بھی ایک بیان میں دہشت گرد کے بیان پر وزیر تعلیم کو آڑے ہاتھوںلیا ۔انہوںنے دھرمیندر پردھان کی ویڈیو کلپ بھی شیئر کی جن میں انہیں یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ ”سی جے پی دہشت گردوں کی بی ٹیم ہے”۔ سی جے پی کے بانی نے کہا کہ سوچئے پردھان نے کیا کہاہے، ہم طلباء کے لیے انصاف مانگ رہے ہیں جبکہ اس شخص نے ہمیں دہشت گردوں کی بی ٹیم کہہ دیا۔





