”بالی ووڈ“ بی جے پی حکومت کو خوش کرنے کے لیے کشمیر کی مسخ شدہ تصویر پیش کر رہا ہے: عمر عبداللہ

سری نگر:بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا کہ کچھ بالی ووڈ فلمساز بی جے پی کی بھارتی حکومت کو خوش کرنے کے لیے کشمیر کی مسخ شدہ تصویر پیش کر رہے ہیں۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق عمر عبداللہ نے یہ بات سری نگر میں رائل اسپرنگس گالف کورس میں پہلے بین الاقوامی فلم فیسٹیول کے لوگو کی رونمائی کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ کچھ فلم ساز کشمیر کے زمینی حقائق پیش کرنے کے بجائے گمراہ کن بیانیہ کو فروغ دے رہے ہیں اور حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کرتے ہیں تاکہ حکومت ان سے خوش ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر میں فلمائی جانے والی اکثر فلمیں صرف تشدد، فائرنگ، دھماکوں اور تنازعات پر مرکوز ہوتی ہیں۔
عمر عبداللہ نے کہا کہ ان کی حکومت ایسی فلموں کی حوصلہ افزائی کرنا چاہتی ہے جو علاقے کی بدلتی ہوئی حقیقتوں کی عکاس ہوں۔
نئی دہلی کے جنتر منتر پر جاری طلبا ءکے احتجاج پر تبصرہ کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا کہ نوجوانوں کو اپنے مطالبات اٹھانے کا پورا حق ہے، حکومت کو ان کے ساتھ بات چیت کرنی چاہیے۔انہوںنے کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ یہ نوجوان پیچھے ہٹنے کے لیے تیار ہیں لہذا حکومت کو چاہیے کہ وہ انکے ساتھ بات چیت کرے۔KMS-06/M





