عالمی برادری مقبوضہ جموں وکشمیرمیں بھارتی مظالم کے خلاف آواز بلند کرے : حریت کانفرنس
سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ مظلوم کشمیریوں پر جاری بھارتی مظالم کے خلاف اپنی آواز بلند کرے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت کی بی جے پی حکومت مقبوضہ علاقے کے نہتے عوام کے خلاف کالے قوانین کا استعمال کرکے کشمیریوں کی آواز دبانے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019 کے بعد بھارتی مظالم میں مزید شدت آئی ہے۔ حریت ترجمان نے کہا کہ محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں اور گھروں پر چھاپوں کے دوران بھارتی فوج، پیراملٹری فورسز اور پولیس اہلکاروں کی جانب سے ڈھائے جانے والے مظالم مقبوضہ علاقے میں ایک معمول بن چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیری گزشتہ 79 برس سے اپنے حقِ خودارادیت کے مطالبے کی پاداش میں بھارتی بربریت کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی جبر کشمیری عوام کو ان کے جائز مطالبے سے دستبردار ہونے پر مجبور نہیں کر سکتا۔ترجمان نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں بھارتی مظالم کے خلاف اپنی آواز بلند کریں۔



