مقبوضہ جموں و کشمیر

عالمی برادری کشمیریوں کا قتل عام بند کرانے کے لئے بھارت پر دبائو ڈالے

 

سرینگر30اکتوبر(کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میںکل جماعتی حریت کانفرنس کی رہنما فریدہ بہن جی نے علاقے میں بھارت کے بڑھتے ہوئے مظالم پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ علاقے میں بھارت کی بڑھتی ہوئی ریاستی دہشت گردی کا نوٹس لے اور کشمیریوں کا قتل عام بند کرانے کے لئے بھارت پر دبائو ڈالے۔
فریدہ بہن جی سرینگر میں جاری ایک بیا ن میں کہاکہ بھارت کشمیریوں کی جدوجہدآزادی کو دبانے کے لئے ظالمانہ کارروائیاں اور فوجی طاقت کا بے دریغ استعمال کررہا ہے لیکن کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ بہادری سے ان مظالم کا مقابلہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بھارت ایک مذموم منصوبے کے تحت کشمیریوں کا قتل عام کررہا ہے تاکہ علاقے میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کیا جاسکے۔انہوں نے کہاکہ روزانہ کی بنیاد پر کشمیریوں کو شہیدکیا جارہاہے اورنوجوانوں گرفتار کرکے جیلو ںمیں بند کیاجارہاہے۔ انہوں نے کہاکہ پوری کشمیری قیادت پابند سلاسل ہے ، علمائے دین سمیت سیکڑوں کشمیری جیلوں اور حراستی مراکز میں کالے قوانین کے تحت نظر بند ہیں ۔انہوں نے کہاکہ طویل عرصے سے جیلوں میں بند کئی قیدیوں کی حالت انتہائی حراب ہے اوروہ صحت کے سنگین مسائل سے دوچار ہیں۔ حریت رہنمانے کہا کہ ایسے حالات میں اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ یہ معاملہ بھارتی حکومت کے ساتھ اٹھائیں۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کو یہ یاد رکھنا چاہیے کہ کشمیری بھارت کے ان ظالمانہ ہتھکنڈوں سے اپنی جدوجہد سے دستبردار نہیں ہونگے۔انہوں نے کہاکہ بھارت کی بہتری اسی میں ہے کہ وہ تنازعہ کشمیر کوکشمیریوں کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرے کیونکہ اس مسئلے کے حل میں مزید تاخیر خطے کے امن کے لئے انتہائی خطرناک ہے ۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button