مقبوضہ جموں وکشمیر میں کل مکمل ہڑتال کی جائے گی
سرینگر 14فروری (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں لوگوں کو مختلف بہانوں سے ان کی زمینوں اورجائیدادوں سے بے دخل کرنے سمیت نریندر مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کے ظالمانہ قدامات کے خلاف کل (بدھ کو) مکمل ہڑتال کی جائے گی۔
ہڑتال کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس نے دی ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ زمینوں پر قبضے کی مودی کی پالیسی کا مقصد کشمیریوں کی شناخت اور ان کے مسلم کردار کو مٹانے کے علاوہ مقبوضہ علاقے کو ایک نوآبادی بنانے کی منظم کوشش ہے۔انہوں نے کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ اتحاد واتفاق کو فروغ دیں اور بی جے پی اور آر ایس ایس کے گٹھ جوڑ کو ظالمانہ اقدامات کے ذریعے اپنے وطن کو چھیننے اور مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کی اجازت نہ دیں۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں اسلام کی آمد سے قبل ہندو تہذیب کو زندہ کرنا بی جے پی اور آر ایس ایس کا ہدف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے 5اگست 2019 کے غیر قانونی اقدامات کا مقصد حکمرانوں کے ہندوتوا ایجنڈے کو پورا کرنا ہے۔