غلام نبی آزاد اب بھی نریندر مودی کے غلام ہیں: کانگریس
نئی دہلی05 اپریل(کے ایم ایس)کانگریس نے کہا ہے کہ ڈیموکریٹک پروگریسو آزاد پارٹی کے چیئرمین غلام نبی آزاد اب بھی نریندر مودی کے غلام ہیں۔
کانگریس کے ترجمان پون کھیرا نے پارٹی کے سابق رہنما غلام نبی آزاد پر فسطائی مودی کی تعریف کرنے اور راہول گاندھی کو اپنی آنے والی سوانح عمری اور میڈیا بیانات میں نشانہ بنانے پر تنقید کی۔ پون کھیرا نے کہا کہ آزاد ایک بنگلے کے عوض اپنی وفاداری تبدیل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کانگریس ہی تھی جس نے انہیں لیڈر کے طور پر ابھرنے کے لیے عہدے دیے۔انہوں نے کہا کہ یہ وہ سیاست دان ہیں جنہیںکانگریس پارٹی نے سپورٹ کیا، پارٹی کے تقریبا تمام اعلی عہدے دیے اور اب وہ اسی پارٹی کے خلاف بول رہے ہیں۔ترجمان نے کہاکہ غلام نبی آزاد نے پارٹی کا اعتماد توڑا اور جب انہوںنے گزشتہ سال پارٹی چھوڑدی تو انہوں نے کہا کہ میں اب آزاد ہوں،لیکن ان کے بیانات سن کر ایسا محسوس ہوتا ہے کہ وہ اب بھی غلام ہیں۔