کشمیر اور پاکستان کو کوئی جدا نہیں کرسکتا، رانا قاسم نون
مظفر آباد :چیئرمین پارلیمانی کشمیر کمیٹی رانا قاسم نون نے کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ اور پاکستان کشمیریوں کا دل ہے، کوئی بھی کشمیر اور پاکستان کوجدا نہیں کر سکتا۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق رانا قاسم نون نے آزاد جموںوکشمیر کے دارلحکومت مظفر آباد میں یادگار شہداءپر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموںوکشمیر میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی کوشش کر رہا ہے اور اس مذموم مقصد کیلئے اس نے لاکھوں بھارتی ہندوﺅںکو مقبوضہ علاقے کے ڈومیسائل سرٹیفکیٹس جاری کیے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ بھارت نے کشمیری حریت قیادت کو جھوٹے مقدمات میں جیلوں میں بند کر رکھا ہے ، ہم یاسین ملک ، آسیہ اندرابی ، شبیر احمد شاہ اور دیگر نظر بند رہنماﺅں کے عزم وہمت کو سلام پیش کرتے ہیں۔ رانا قاسم خان نون نے کہا جس طرح دیوار برلن گری ہے اسی طرح خونی کنٹرول لائن بھی ایک دن ختم ہوگی۔
انہوں نے کہاکہ کشمیر پاکستان کا قومی کاز ہے، پاکستان غیر قانونی بھارتی قبضے کے خاتمے تک کشمیریوں کی اخلاقی سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔اس موقع پر کشمیر کمیٹی کے ارکان فتح اللہ خان اور سید جاوید شاہ جیلانی بھی ان کے ہمراہ تھے۔