رام بن: یومیہ اجرت پر کام کرنے والے ”پی ایچ ای“ملازمین کا احتجاجی مظاہرہ

جموں:بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر کے ضلع رام بن میں محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ (پی ایچ ای) میں یومیہ اجرت پر کام کرنےوالے ملازمین نے اپنے مطابات کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق احتجاجی مظاہرہ مزدور سنگھ کے بینر تلے کیا گیا ۔ احتجاجی مظاہرین کا کہنا تھاکہ متعلقہ حکام ان کے مسائل کی طرف کوئی توجہ نہیں دے رہے جس کی وجہ سے وہ سڑکوں پر آنے کیلئے مجبور ہوئے ہیں۔ انہوںنے اپنے متعلقہ رکن اسمبلی کو ایک یادداشت پیش کی اور ان پر زور دیا کہ وہ آئندہ اسمبلی اجلاس میں انکے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر اٹھائیں۔
احتجاجی ملازمین نے متنبہ کیا کہ اگر اسمبلی اجلاس میں ریگولرائزیشن کی پالیسی مرتب نہیں کی گئی تو تمام پی ایچ ای ڈیلی ویجرز غیر معینہ مدت تک ہڑتال کریں گے۔
انہوںنے اس موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ یومیہ اجرت پر کام کرنے والے بہت سے لوگ اب ریٹائر ہو چکے ہیں جبکہ کچھ دوران سروس اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے، پھر بھی کوئی امداد فراہم نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہاکہ علیٰ سرکاری عہدوں پر تعینات لوگ اپنی تنخواہوں میں تیزی سے اضافے کی منظوری دیتے ہیںجبکہ وہ یومیہ اجرت والوں کے مطالبات کیطرف کوئی توجہ نہیں دے رہے۔







