بھارت مودی کی سرپرستی میں دنیا بھر میں سائبر فراڈ کا گڑھ بن گیا

واشنگٹن: مودی کی سرپرستی میں بھارت دنیا بھر میں سائبر فراڈ کا گڑھ بن چکا ہے ۔امریکی حکام کی تحقیقات نے بھارت میں وسیع پیمانے پر ہونے والے سائبر جرائم کا پردہ چاک کر دیا۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق امریکی جریدے” واشنگٹن پوسٹ“ کی ایک رپورٹ میں کہا گیا کہ امریکی ریاست میری لینڈ میں کروڑوں ڈالر کے فراڈ کی تحقیقات کے دوران بھارتی کال سینٹرز کے ملوث ہونے کے شواہد سامنے آئے ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا کہ تین بھارتی کال سینٹرز نے 650 سے زائد افراد کو نشانہ بناتے ہوئے انہیں 48 ملین ڈالر سے زائد کا مالی نقصان پہنچایا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بھارتی جعل ساز خود کو امریکی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندے ظاہر کر کے شہریوں کو دھوکہ دیتے رہے۔
رپورٹ کے مطابق کال سینٹرز میں موجود بھارتی جعل ساز ای میل، فون کالز اور پیغامات کے ذریعے امریکی شہریوں کو ہدف بناتے تھے۔ امریکی حکام کی فراہم کردہ اطلاعات پر بھارتی ایجنسی نے کارروائی کرتے ہوئے جعل ساز گروہ کے 6 سرغنہ گرفتار کر کے فراڈ میں استعمال ہونے والا سازوسامان ضبط کر لیا۔
واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ میں کہا گیا ایف بی آئی کے خصوصی ایجنٹ جمی پال نے بھی بھارت میں قائم تین کال سینٹرز کے فراڈ نیٹ ورک کے خاتمے کی تصدیق کی ہے۔ بین الاقوامی ماہرین کا کہنا ہے کہ غیر ملکی ریاستی اداروں کی جعلی شناخت کو بطور ہتھیار استعمال کرنا مودی حکومت کی سفارتی اور انتظامی نااہلی کا واضح ثبوت ہے۔
بین الاقوامی ماہرین کے مطابق بھارت میں منظم دھوکہ دہی کے حالیہ واقعات کمزور ریاستی نگرانی اور ادارہ جاتی ناکامیوں کو کھل کر بے نقاب کرتے ہیں جبکہ مسلسل فراڈ اسکینڈلز مودی کی نا اہل حکومت کی ناقص حکمرانی اور داخلی کمزوریوں کی علامت بن چکے ہیں۔







