بھارت :آسام میں 28 سالہ خاتون کی اجتماعی عصمت دری

نئی دہلی : بھارتی ریاست آسام کے ضلع کاچھر میں ایک لرزہ خیز واقعہ پیش آیا ہے جہاں سات افرادنے ایک 28 سالہ خاتون کو اجتماعی عصمت دری کا نشانہ بنایا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق 19 فروری کو پیش آنے والے اس گھناو¿نے جرم پر لوگوں میں شدید غم و غصہ پایاجاتا ہے۔یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب متاثرہ خاتون سلچر شہر کے قریب اپنے بوائے فرینڈ کے ساتھ گھوم رہی تھی۔ملزمان ایک کار میں آئے اور جوڑے پر حملہ کر کے پہلے پیسے لوٹے اوربعد میں خاتون کو وحشیانہ زیادتی کا نشانہ بنایا۔پولیس نے مقدمہ درج کر کے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا جبکہ دیگر کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ متاثرہ لڑکی کا طبی معائنہ کرایا گیا ہے اور اس کا بیان ریکارڈ کر لیا گیا ہے۔اس معاملے نے اس وقت پرتشدد رخ اختیار کر لیا جب ایک مقامی صحافی پر جس نے واقعے کی رپورٹنگ کی، ایک ملزم کے اہل خانہ نے حملہ کیا۔ حملے کے سلسلے میں ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے۔راجیہ سبھا کی رکن سشمیتا دیو نے اس معاملے کو چھپانے کی کوششوں کی مذمت کرتے ہوئے ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ بھارت کی تاریخ خواتین کے خلاف تشدداورعصمت دری کے واقعات سے بھری پڑی ہے۔ آسام کا تازہ واقعہ بھارت میں خواتین کے حقوق اور وقار کے تحفظ کے لیے جوابدہی اور فوری اقدامات کی ضرورت کو اجاگر کرتا ہے۔







