بی جے پی عوام اور ملک کو لوٹ رہی ہے
ملکارجن کھرگے کی بڑھتی ہوئی مہنگائی پر مودی حکومت پرکڑی تنقید
نئی دلی:
بھارت میں حزب اختلاف کی مرکزی جماعت کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے نے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی پر مودی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے معاشی بدانتظامی کا نتیجہ قرار دیاہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ملکارجن کھرگے نے سوشل میڈیا ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ مودی حکومت نے ملک کی سٹریٹجک اور اقتصادی پالیسیوں کو مکمل طور پر ختم کر دیا ہے،جس کا براہ راست نتیجہ اب 1.4 بلین بھارتی شہریوں کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ مودی حکومت کی ناکام پالیسیوں کی وجہ سے ملک میں ایل پی جی، ہوائی سفر اور ادویات سمیت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوا ہے ۔ایوی ایشن ٹربائن فیول اور کمرشل ایل پی جی میں حالیہ اضافے کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا ایل پی جی کی بڑھتی ہوئی قیمتیں اور مسلسل قلت کی وجہ سے عوام کو شدیدمشکلات کا سامنا ہے اور ایوی ایشن ٹربائن فیول سمیت ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کی وجہ سے لوگوں کیلئے سفرکرناناممکن ہو گیاہے ۔ملکارجن کھرگے نے کہا کہ 900سے زیادہ ضروری ادویات مہنگی ہو گئی ہیں، جس سے غریب عوام پر مزید بوجھ پڑ رہا ہے۔انہوں نے بڑھتے ہوئے ٹول ٹیکس اور سپیڈ پوسٹ جیسی سروسز کے بڑھتے ہوئے اخراجات پر بھی تشویش ظاہر کی اوکہاکہ مہنگائی کی وجہ سے کسانوں اور تعمیراتی شعبے پر بہت زیادہ دبائو ہے۔انہوں نے مودی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ حکومت نے کسانوں ،مزدوروں اور عام عوام کی حالت زار کو مکمل طور پر نظر انداز کردیا ہے اور اسکی پوری توجہ انہیں اور ملک کو لوٹنے پر مرکوز ہے۔






