سیدفیض نقشبندی کی کشمیری سیاسی رہنمائوںکی مسلسل غیر قانونی نظربندی پراظہار تشویش
اسلام آباد: کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے رہنما سید فیض نقشبندی نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں کالے قوانین کے تحت کشمیری سیاسی نظربندوں کی مسلسل غیر قانونی نظربندی پر سخت تشویش کا اظہار کیاہے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سید فیض نقشبندی نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں کہا کہ پبلک سیفٹی ایکٹ ،غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام اور دیگر کالے قوانین کے تحت مسلسل نظربند ی کے دوران حریت رہنمائوں کو مسلسل سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہاہے ۔انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ جیلوں میں کشمیری نظربندوں کو علاج معالجے اور مناسب خوراک سمیت تما م بنیادی سہولتوں سے محروم رکھا جارہاہے جو کہ بین الاقوامی انسانی حقوق کے قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔سید فیض نقشبندی نے کہاکہ کشمیری نظربندوں سے انکے اہلخانہ کی ملاقات میں شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔حریت رہنماء نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل، عالمی برادری اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ تمام کشمیری سیاسی نظربندوں کی فوری اور غیر مشروط رہائی اور بین الاقوامی قانون کے مطابق بنیادی انسانی حقوق کی فراہمی کے لیے بھارت پر دبا ئوڈالیں۔







