گورنر گلگت بلتستان سے حریت کانفرنس کے وفد کی ملاقات
19جولائی کو یومِ الحاقِ پاکستان کی تقریبات پر تبادلہ خیال
گلگت: کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے کنوینئر غلام محمد صفی کی قیادت میں ایک اعلی سطح وفد نے گلگت میںگورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ سے گورنر ہائوس گلگت میں ملاقات کی۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ملاقات میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال، بھارتی مظالم، کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی اور 19جولائی کویومِ الحاقِ پاکستان کی تقریبات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔حریت کانفرنس کے وفد میں جنرل سیکریٹری ایڈووکیٹ پرویز احمد شاہ، سید اعجاز رحمانی، راجہ خادم حسین، شیخ عبدالماجد، زاہد صفی اور زاہد اشرف شامل تھے۔وفد نے گورنر گلگت بلتستان کو مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں سے آگاہ کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو ان کا حقِ خودارادیت دلانے کے لیے موثر کردار ادا کرے۔اس موقع پر گورنر سید مہدی شاہ نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کشمیری عوام کے ساتھ اپنی تاریخی، مذہبی اور قومی وابستگی پر فخر کرتے ہیں اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل تک ان کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور گلگت بلتستان کے عوام کشمیریوں کی جائز جدوجہدِ آزادی میں انکے ساتھ کھڑے ہیں۔ملاقات میں مسئلہ کشمیر کو موثر طورپراجاگر کرنے اور 19جولائی یومِ الحاقِ پاکستان کی تقریبات بھرپور انداز میں منانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
ادھرکل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی کی قیادت میں ایک اعلی سطح
وفد نے گلگت بلتستان اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف، سابق وزیرِ اعلی اور پاکستان مسلم لیگ (ن)گلگت بلتستان کے صدر حافظ حفیظ الرحمن سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال، تحریکِ آزادی کشمیر، 19جولائی یومِ قراردادِ الحاقِ پاکستان کی مناسبت سے گلگت میں منعقد ہونے والی ریلی اور مسئلہ کشمیر کو قومی و بین الاقوامی سطح پر مزید موثر انداز میں اجاگر کرنے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر کنوینر غلام محمد صفی نے کہا کہ 19جولائی 1947کشمیری عوام کی تاریخ کا ایک اہم سنگِ میل ہے، جب آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس نے ریاست جموں و کشمیر کے پاکستان کے ساتھ الحاق کی قرارداد منظور کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن کشمیری عوام کے پاکستان کے ساتھ تاریخی، نظریاتی اور عوامی رشتے کی علامت ہے، جسے ہر سال بھرپور جذب ملی کے ساتھ منایا جاتا ہے۔







