بھارت میانمار سرحد کے قریب حملے میں آسام رائفلز کا اہلکار ہلاک
ایتانگر :بھارتی ریاست اروناچل پردیش کے ضلع چانگ لانگ میں میانمار سرحد کے قریب گشت کرنے والی ٹیم پر حملے میں آسام رائفلز کا ایک اہلکار ہلاک ہوگیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق نمپونگ نالہ کے قریب سرحد پر باڑ لگانے کا کام جاری ہے۔ حکام کے مطابق گشت کرنے والی ٹیم معمول کی نگرانی پر مامور تھی جب اس پر حملہ کیاگیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملے میں این ایس سی این کے یونگ آنگ دھڑے کے جنگجوں کے ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے۔ حملے میں ہلاک ہونے والے اہلکار کی شناخت 42 سالہ حوالدار جنکھوکائی کوکی کے طور پر ہوئی ہے۔
واقعے کے بعد بھارتی فورسز نے حملہ آوروں کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کیا جبکہ سرحدی علاقوں میں سکیورٹی فورسز کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔
اس واقعے سے بھارت میانمار سرحد پر جاری سکیورٹی مسائل کی عکاسی ہوتی ہے، جہاں سرحدی نگرانی اور باڑ لگانے کے اقدامات کے باوجود مسلح حملوں اور شورش سے متعلق واقعات بھارتی فورسز کے لیے مسلسل چیلنج بنے ہوئے ہیں۔







