بھارت: بی جے پی لیڈر کے بیٹے پرعصمت دری کا الزام لگانے والی خاتون کی خودکشی کی کوشش
سوسائیڈ نوٹ میں خاتون کا بار بار تذلیل کرنے، دھمکیاں دینے اور ہراساں کرنے کا الزام

نئی دہلی : بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے علاقے شیو پوری میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی رہنما کے بیٹے پر عصمت دری کا الزام لگانے والی خاتون نے نیند کی گولیاں اور چوہے مار دوائی کھاکر خودکشی کی کوشش کی ہے،اس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق خاتون کی حالت خراب ہونے کے بعد اسے میڈیکل کالج اسپتال لے جایا گیاجہاں ڈاکٹروں کی کڑی نگرانی میں ان کا علاج چل رہا ہے۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس میں کہاگیا ہے کہ پولیس نے بتایا کہ خاتون نے 30اپریل کو بی جے پی لیڈر اور شیو پوری میونسپل کونسل کی صدر گائتری شرما کے بیٹے رجت شرما کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی تھی۔ زہر کھانے سے قبل خاتون نے چھ صفحات پر مشتمل ایک نوٹ لکھاجس میں انہوں نے بتایا ہے کہ وہ گزشتہ سات ماہ سے ذہنی اذیت اور دھمکیوں کا سامنا کر رہی ہیں۔نوٹ میں لکھا ہے کہ میں یہ سوسائیڈ نوٹ پورے ہوش میں لکھ رہی ہوں۔ شیو پوری میونسپل کونسل کی صدرگائتری شرما اور ان کے شوہر سنجے شرما میری موت کے ذمہ دار ہیں۔ وہ اپنے بیٹے رجت شرما کے ساتھ میرے تعلقات کے بارے میں پہلے ہی سے واقف تھے۔ گائتری شرما نے پہلے کہا تھا کہ انہیں کوئی اعتراض نہیں ہے اور وہ شادی کے بارے میں بات کریں گی، جبکہ رجت شرما نے ان سے شادی کا وعدہ کیا تھا، اسی دوران اس کے خاندان نے کہیں اور اس کی منگنی کا منصوبہ بنالیا اور اس کی تاریخ 14 اپریل 2025طے کی گئی۔انہوں نے کہا کہ ان کی والدہ اور بی جے پی رہنما گائتری شرما نے انہیں دھمکی دی اور کہا کہ انہیںایثاروقربانی سیکھنی چاہیے۔ جب وہ مجھے گالیاں دے رہی تھیں تو ان کا بیٹا بھی وہاں موجود تھا۔خاتون نے بتایا کہ جب وہ 14 اپریل کو (جس دن رجت شرما کی منگنی ہو رہی تھی)پولیس اسٹیشن گئی تو پانچ گھنٹے انتظار کرنے کے بعد بھی اس کی شکایت درج نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ شکایت واپس لینے کے لیے ان پر دبائو ڈالا گیا۔خاتون نے بتایاہے کہ انہیں دھمکیاں دی گئیں اور سیاستدانوں، ریٹائرڈ افسروں اور پولیس اہلکاروں کے ذریعے سمجھوتے کے لیے دبائو ڈالا گیا اور 50لاکھ روپے کی پیشکش بھی کی گئی۔خاتون نے کہا کہ گزشتہ سات ماہ کے دوران انہیں بار بار ذلیل کیا گیا، دھمکیاں دی گئیں اور ہراساں کیا گیاجس سے وہ ذہنی طور پر ٹوٹ گئیں۔انہوں نے حکام سے انصاف کا مطالبہ کیا ہے۔








