نئی دلی :بھارتی پیراملٹری فورسز کے ریٹائرڈ اہلکاروں کا مجوزہ سینٹرل آرمڈ پولیس فورسز بل کیخلاف احتجاج

نئی دلی:بھارتی پیراملٹری فورسز کے سینکڑوں ریٹائرڈ اہلکاروں نے دارلحکومت نئی دلی میں مودی حکومت کے مجوزہ سینٹرل آرمڈ پولیس فورسز(جنرل ایڈمنسٹریشن) بل 2026کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے فوری طورپر اسکی منسوخی کا مطالبہ کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی پیراملٹری فورسز کے سینکڑوں ریٹائرڈ اہلکاروں نے نئی دلی میں مجوزہ بل کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور خبردار کیاکہ مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو وہ اپنے احتجاج میں مزید شدت لائیں گے ۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ یہ بل، جس کے تحت آئی پی ایس افسران کو سینٹرل آرمڈ پولیس فورسزکے اعلیٰ عہدوں پر تعینات کرنے کی تجویز دی گئی ہے،بھارتی فورسز کے افسران کی ترقی کے مواقع کو متاثر کرے گا۔ ان کا کہنا تھاکہ اس اقدام کا مقصد آر ایس ایس کے نظریے پر قائم ہندوتوا نظریے سے وابستہ سول سروس افسران کے ذریعے بھارتی فورسز کو کنٹرول کرنا ہے۔سابق پیرا ملٹری فورسز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے اتحاد نے احتجاج کی قیادت کی۔ مظاہرین نے دلیل دی کہ یہ بل آئی پی ایس ڈیپوٹیشن کو کم کرنے اور کیڈر کا جائزہ لینے کے سپریم کورٹ کی ہدایت سے بھی متصادم ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایک طرف توحکومت انکی قربانیوں کی تعریف کرتی ہے جبکہ دوسری طرف، اس بل کے ذریعے ہماری ترقیوں کو روکا جارہاہے ۔مودی حکومت کو سابق پیراملٹری اہلکاروں کے خدشات دور کرنے اور بل پر نظر ثانی کرنے کے لیے شدیددبائو کا سامنا ہے۔






