2047تک بھارت کے 9نو ٹکڑے ہوجائیں گے ، گرپتونت سنگھ پنوں
نیویارک: سکھس فار جسٹس کے رہنما گرپتونت سنگھ پنوں نے کہاہے کہ2047تک بھارت کے9 ٹکڑے ہوجائیں گے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سکھس فار جسٹس کے رہنما اور خالصتان تحریک کے قائد گرپتونت سنگھ پنوں نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارت 2047 تک 9ٹکڑوں میں تقسیم ہو جائے گا۔انہوں نے اقوامِ متحدہ سے بھارتی پنجاب کو "مقبوضہ علاقہ ” قرار دینے کی اپیل کی ۔ گرپتونت سنگھ پنوں نے کہا کہ سکھ برادری خالصتان کے قیام کے لیے اپنی جدوجہد کو جمہوریت، ریفرنڈم اور بیلٹ پیپر کے ذریعے آگے بڑھا رہی ہے۔انہوں نے اعلان کیا کہ کامیاب ریفرنڈم کے بعد اقوامِ متحدہ میں بھارتی پنجاب کے حوالے سے باقاعدہ پٹیشن دائر کی جائے گی۔گرپتونت سنگھ پنوں نے امریکہ اور کینیڈا میں سکھ رہنمائوں کے خلاف بھارتی سازشوں کے بے نقاب ہونے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امریکی عدالت میں بھارتی شہری نکھل گپتا نے قتل کی سازش کا جرم باقاعدہ طور پر قبول کر لیا ہے۔انہوں نے واضح کیاکہ پاکستان میں جاری دہشت گردی کی بنیادی وجہ "مودی اور طالبان کا گٹھ جوڑ "ہے۔انہوں نے کہا کہ مودی حکومت بھارت میں سکھوں کی نسل کشی کر رہی ہے اور بیرونِ ملک سکھ کارکنوں کو نشانہ بنا رہی ہے۔گرپتونت سنگھ پنوں نے اعلان کیا کہ خالصتان کے قیام کے لیے عالمی ریفرنڈم کا اگلا مرحلہ 18اکتوبر کو منعقد ہوگا، جس میں سکھ برادری بڑی تعداد میں اپنا جمہوری حقِ رائے دہی استعمال کرے گی۔








