بھارت میں رہنا ہے تو رادھے رادھے کہنا ہے: بی جے پی رکن اسمبلی کی اقلیتوں کو دھمکی
لکھنو:بھارتی ریاست اتر پردیش میں حکمرن جماعت بی جے پی کے ایک رکن اسمبلی نے مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کو دھمکی دی ہے کہ اگر بھارت میں رہنا ہے تو رادھے رادھے کہنا ہوگا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مایانکیشور شرن سنگھ نے ریاست کے علاقے تلوئی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو کوئی بھی بھارت میں رہنا چاہتا ہے اسے رادھے رادھے کہنا ہوگا۔سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میںمایانکیشور سنگھ کو اسٹیج پر کھڑے ہو کر یہ اعلان کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے کہ بھارت میں رہنا ہے تو رادھے رادھے کہنا ہے۔تقریب کے شرکاء یک زبان ہو کر اس کی حمایت میں”رادھے رادھے کہنا ہے”کے نعرے لگارہے ہیں۔ سماج وادی پارٹی کے ایک سینئر رہنمانے اس بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی امن اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو خراب کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اشتعال انگیز بیانات پر رکن اسمبلی کا احتساب ہونا چاہیے۔ مایانکیشور شرن سنگھ کا دھمکی آمیز بیان بی جے پی کی زیرقیادت بھارتی حکومت کے دور میں مذہبی عدم برداشت کے بڑھتے ہوئے ماحول کی عکاسی کرتاہے۔