لاہور :حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے وفد کی قائم مقام سپیکر پنجاب اسمبلی سے ملاقات

لاہور :کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے ایک وفد نے پنجاب اسمبلی کے قائم مقام سپیکر ملک ظہیر اقبال چنڑ سے ملاقات کی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق وفد کی قیادت حریت آزاد کشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی نے کی اور اس میں جنرل سیکرٹری ایڈووکیٹ پرویز احمد شاہ اور شیخ عبدالماجد شامل تھے۔
ملاقات میں سابق سپیکر رانا محمد اقبال، رانا محمد ارشد، راحیلہ خادم حسین، بلال اکبر خان سمیت پنجاب اسمبلی کی کئی اہم شخصیات اور اراکین اسمبلی نے شرکت کی۔
قائمقام سپیکر نے اس موقع پر کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور اسے دشمن کے قبضے میں نہیں چھوڑا جاسکتا، پاکستانی قوم کشمیریوں کی بے مثال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔
قائمقام سپیکر نے وفد کو آج 19 جولائی کو لاہور میں منعقد ہونے والی یوم الحاق پاکستان ریلی میں بھرپور شرکت کی یقین دہانی کرائی۔
حریت وفد نے قائمقام سپیکر، وزراءاور اراکین اسمبلی کی بھر پور مہمان نوازی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ جب تک کشمیریوں کو حق خود اردیت نہیں مل جاتا، پاکستان کشمیریوں کی آواز کو عالمی سطح پر جاندار طریقے سے بلند کرتا رہے گا۔








