بھارت کا جنگی جنون، ا کتوبر میں سب سے بڑی مشترکہ ڈرون جنگی مشق کرنے کا اعلان

نئی دلی: بھارت نے ایک بار پھر اپنے جنگی جنون کا مظاہرہ کرتے ہوئے اکتوبر کے پہلے ہفتے میں سب سے بڑی مشترکہ ڈرون جنگی مشق کولڈ اسٹارٹ کا اعلان کیا ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مشق میں ڈرونز اور کائونٹر ڈرونز سسٹمز کا تجربہ کیا جائے گا۔ یہ مشق ریاست مدھیہ پردیش میں کی جائیگی ۔جرمن نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق بھارتی ایئر مارشل راکیش سنہانے کہاہے کہ مشق کا مقصد موجودہ فضائی دفاعی صلاحیتوں کی تاثیر اور خامیوں کا جائزہ لینا ہے اور ابھرتے ہوئے فضائی خطرات کے خلاف آپریشنل تیاریوں پر توجہ مرکوز کی جائیگی۔ بھارتی افواج کے کولڈ سٹارٹ نظریہ میں مشترکہ ہتھیاروں کے یونٹوں کے ذریعے تیز رفتاراور مربوط جارحانہ کارروائیاں شامل ہیں تاکہ ایک محدود وقت کے اندر روایتی مقاصد کو حاصل کرنے کے لیے فوجیوں کی روایتی سست رفتار نقل و حرکت کے مسئلے پر قابو پایا جا سکے۔بھارتی مسلح افواج نے کولڈ سٹار ٹ کا نظریہ 2001کے پارلیمنٹ حملے پر سست ردعمل کے بعد تیار کیا تھا تاکہ مکمل جنگ شروع کئے بغیر دہشت گردی کے خلاف ایک تیز، فیصلہ کن اور محدود فوجی ردعمل دیا جاسکے ۔تاہم تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ٹیکٹیکل جوہری ہتھیاروں کی وجہ سے یہ تنازعات کو جوہری سطح تک بڑھانے کا ایک اہم خطرہ رکھتا ہے۔رپورٹ کے مطابق صنعتی شراکت دار، تحقیق اور ترقیاتی ایجنسیاں، ماہرین اور دیگر سٹیک ہولڈرز بھی کولڈ اسٹارٹ مشق میں حصہ لیں گے۔ مشق کے انعقاد کا اعلان ایک اس وقت سامنے آیا ہے جب چند ماہ قبل بھارت نے پاکستان کے خلاف بلا اشتعال جارحیت کے دوران بڑے پیمانے پر ڈرونزاورجنگی طیارے استعمال کیے تاہم اسے ذلت آمیز شکست اور رسوائی کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد سے بھارت نے ڈرون ٹیکنالوجی کو ترقی دینے پر اپنی توجہ مرکوز کی ہے۔بھارت نے 2035تک مقامی سطح پر تیار کیے جانے والے فضائی دفاعی نظام سدرشن چکر کا منصوبہ بھی بنایا ہے، جسے اسرائیل کے آئرن ڈوم سے تشبیہ دی جا رہی ہے۔ اس نظام میں ڈرونز اور کانٹر ڈرونز سسٹمز کو بنیادی حیثیت حاصل ہو گی جبکہ اس کے ساتھ طیارے اور کائونٹر ہائپر سونک ٹیکنالوجی بھی شامل کی جائے گی۔





