بھارت :مسلمانوں کے خلاف اکسانے پر بی جے پی رہنماکے خلاف پولیس میں شکایت درج
بنگلورو27دسمبر(کے ایم ایس) بھارتی ریاست کرناٹک میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی رہنما اوررکن پارلیمنٹ سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر کے حالیہ دورے کے دوران مسلمانوں کے خلاف زہر اگلنے پر ان کے خلاف پولیس میں شکایت درج کرائی گئی ہے۔
پولیس نے بتایا کہ یہ شکایت سیاسی تجزیہ کار تحسین پونا والا نے سوشل میڈیا کے ذریعے شیو موگا سٹی کے سپرنٹنڈنٹ پولیس جی کے متھن کمار کے پاس درج کرائی ہے۔ بھارتی ذرائع ابلاغ نے بتایا کہ شکایت کی ایک کاپی کرناٹک کے وزیر اعلیٰ بسواراج بومائی کو بھی بھیجی گئی ہے۔تحسین پوناوالا نے اپنی شکایت میں کہا ہے کہ پرگیہ ٹھاکر نے تقریب میں خطاب کرتے ہوئے مسلمانوں کے خلاف انتہائی توہین آمیزاور تضحیک آمیز زبان استعمال کی۔پرگیہ ٹھاکر نے لوگوں سے نام نہاد” لو جہاد” کا جواب اسی انداز میں دینے کے لئے کہا۔ لو جہاد ایک اصطلاح ہے جو ہندوتوا کے جنونی ہندو خواتین سے شادی کرنے والے مسلمانوں کے خلاف استعمال کرتے ہیں۔ پرگیہ ٹھاکر نے ہندوئوں سے کہا کہ وہ اپنی بچیوں کا خیال رکھیں اور گھر میں ہتھیار رکھیں۔اگر کوئی ہتھیار نہیں ہے تو کم از کم سبزیاں کاٹنے کے لیے استعمال ہونے والی چھریوں کو تیز کر دیں۔تحسین پونا والا نے کہا کہ پرگیہ ٹھاکرنے مسلمانوں کو ہندوئوں کے دشمن قرار دیتے ہوئے کہاکہ ہمیں کسی بھی صورت حال کا سامنا کرنے کے لیے اپنی چھریوں کو تیز رکھنا ہوگا۔ اگر ہماری چھری سبزیوں کو اچھی طرح کاٹتی ہے تو یہ ہمارے دشمنوںکے لئے بھی موثرہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پرگیہ کی تقریر مسلمانوںکے خلاف ہتھیاروں کے استعمال کی کھلی دعوت ہے۔ انہوں نے اپنی شکایت میں کہاکہ مذکورہ تقریر میں ایک خاص کمیونٹی کے خلاف نفرت اورتشدد پر اکسایاگیا ہے جو ایک جرم ہے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ پرگیہ سنگھ ٹھاکر 2008 کے مالیگائوں دھماکے میں بھی ملوث تھی۔بھارتی ریاست مہاراشٹر میں ضلع ناسک کے قصبے مالیگائوں میں 29ستمبر 2008کوایک مسجد کے قریب موٹرسائیکل میں نصب دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے 6 مسلمان شہید اور 100سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔